(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کو لانگ مارچ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ تیاری کرلیں10 جولائی سے پہلے کال دے سکتا ہوں۔
سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ آج رات ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کی کال دی ہے،تیل بجلی گیس مہنگی ہونے سے نچلے طبقے پر اثر پڑ رہا ہے،آپ لوگوں کے پاس عام طبقے تک آواز پہنچانے کا راستہ ہے، عوام اس وقت مہنگائی کے باعث غصے سے بھرے بیٹھے ہیں ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت بڑھتی تھی تو یہ مہنگائی مارچ لے کر پہنچ جاتے تھے،اب خود عوام پر مہنگائی کے بم پھینک رہے ہیں ، عدم اعتماد کے پیچھے مہنگائی کا جھوٹا بیانیہ بنایاگیا،اگر آپ حکومت نہیں سنبھال سکتے تھے تو سازش کیوں کی؟
ان کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت رجیم چینج سازش کا حصہ بنی ، سازش تھی یا مداخلت اس کی تحقیقات ہونی چاہئے، ابھی تک کوئی تحقیقات میرے سامنے نہیں آئی،میں وزیراعظم تھا میرے سامنے تحقیقات نہیں آئیں،ان کی اپنی حکومت میں قومی سلامتی کمیٹی نے ہمارا موقف تسلیم کیا۔
عمران خان کا مزیدکہناتھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے نامور ڈاکوﺅں کو ملک پر مسلط کردیا گیا،نیب میں ترامیم سے ایک ایک ڈاکو کو این آراو ملے گا،ان کے کیسز کی تحقیقات کرنے والے لوگ مر رہے ہیں،کوئی ہارٹ اٹیک سے مر رہا ہے تو کوئی خودکشی کررہا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ پاکستان کو اصل مسئلہ ڈالرز کی کمی کا ہے،اس وقت ملک میں 30 فیصد مہنگائی ہو چکی ہے،25 مئی کو جس طرح پولیس نے تشدد کیا اس کی مثال نہیں ملتی،جیسی شیلنگ کی گئی وہ سارا منظر نامہ مقبوضہ کشمیر جیساتھا،رائٹ ٹو پروٹیسٹ اور رائٹ ٹو موومنٹ کو کوئی نہیں روک سکتا،سی سی پی او لاہور اور آئی جی اسلام آباد کو خاص ہدایت تھی کہ ظلم کرنا ہے،تیاری کرلیں10 جولائی سے پہلے کال دے سکتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: مسافر طیارے کو دوران پرواز آگ لگ گئی