لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کا موسم خوشگوار، بوندا باندی کا سلسلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید گرمی کے بعد شہریوں کو سکھ کا سانس نصیب ہو گیا، شہر میں گرد آلود یخ بستہ ٹھنڈی ہواؤں کی انٹری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق باغوں کے شہر لاہورکے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور ہوائیں چلنے کے بعد بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو چکا، مال روڈ، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مزنگ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، چونگی امرسدھو، جوہر ٹاؤن میں ابر رحمت برسنے کا سلسلہ شروع ہو چکا، موسم میں اچانک تبدیلی سے درجہ حرارت میں واضع کمی، ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافہ، موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد، ہوا 18-20کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے لگی۔
دیگر شہروں کی بات کی جائے تو وزیرآباد اور مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، ڈسکہ اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں کا راج ہے، ساتھ ہی ساتھ بارش نے بھی اپنا رنگ جما رکھا ہے، ایسے میں ہمیشہ کی طرح پتلی گلی سے نکلنے والی بجلی پھر سے غائب ہو گئی، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔
گوجرانوالہ اور اس کے مضافات کو بھی بارش نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، بارش کیساتھ تیز ہوا نے گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے راحت کا سامان کیا ہے،ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہوگیا، گجرات شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پسرور اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی کازور ٹوٹ گیا، سیالکوٹ اور مضافات میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے پہلے آندھی کی وجہ سے بجلی کے بیشتر فیڈر ٹریپ کر گے ،موسلادھار بارش سے گرمی کازور ٹوٹ گیا۔