(24نیوز)عید الاضحیٰ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے،اعلامیے کے مطابق وزارت مذہبی امور، سپارکو اور محکمہ موسمیات کےنمائندےبھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کےنمائندے بھی چانددیکھنےکیلئے اجلاس میں موجود ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، آج چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
آج چاند نظر آنے کی صورت میں پاکستان میں عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات ہوگی۔
کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 34 گھنٹے 13 منٹ ہوگی، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس سید عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بجٹ،سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا، حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ 27 جون منگل کو ادا کیا جائے گا ،سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 28 جون کو منائی جائے گی، اس کے علاوہ دبئی سمیت خلیجی ممالک میں بھی ذی الحج کا چاند نظر آگیا ہے۔
متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ملکوں میں بھی عیدالاضحیٰ 28 جون کو منائی جائے گی،برطانیہ میں کمیونٹی عیدالاضحیٰ پر بھی تقسیم ہوگئی، بعض سعودی عرب کے ساتھ 28 جون کوعید منائیں گے اور دیگر 29 جون کو عید الاضحیٰ منائیں گے ۔
امریکا اور کینیڈا میں طے شدہ کیلنڈر پر عمل کرنے والی کمیونٹی 28 جون کو عید منائے گی جب کہ دیگر آج چاند دیکھ کر فیصلہ کریں گے ۔