عید پر چٹ پٹے کھابے کھانے سے سینکڑوں شہری گیسٹرو، ہیضہ اور ڈائریا جیسے امراض میں مبتلا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مہر عمران, عمران اسلم, فاران خان) عید پر چٹ پٹے کھابے کھانے سے سینکڑوں شہری گیسٹرو، ہیضہ اور ڈائریا جیسے امرض میں مبتلا ہو گئے۔
شہرِ اولیا ملتان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں 400 سے زائد گیسٹرو کے مریض رپورٹ ہوئے، نشتر ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 110 مریض رپورٹ ہوئے، شہباز شریف ہسپتال میں گیسٹرو کے 70, ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 100 مریض رپورٹ ہوئے، ٹاونز ہسپتالوں میں گیسٹرو کے 120 مریض رپورٹ ہوئے۔
فیصل آباد میں بھی ڈائریا اور گیسٹرو کے سینکڑوں مریض رپورٹ ہوئے، ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں معدہ کے انفیکشن، ڈائریا کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی، عید کے تیسرے روز شہر کے 4 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں اب تک 400 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، الائیڈ ہسپتال میں صبح سے اب تک 110 سے زائد مریض گیسٹرو، ڈائریا اور پیٹ درد کے ساتھ آئے، الائیڈ ٹو ہسپتال میں 130 سے زائد جبکہ جنرل ہسپتال سمن آباد میں 131سے زائد مریض سامنے آئے اور غلام محمد آباد ہسپتال میں 95 مریض رپورٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے گورننس اخراجات میں کتنا اضافہ ہو گا؟ انکشاف ہو گیا
کراچی میں بھی عید قرباں کے بعد ہیضہ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں سے درجنوں افراد عید کے 2 روز کے دوران قےاور بدہضمی کی شکایت کے ساتھ سرکاری ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے۔
کراچی کے جناح ہسپتال میں عید کے پہلے روز 84 افراد جبکہ دوسرے روز 23 افراد بدہضمی کی شکایت کے ساتھ پہنچے، سول ہسپتال میں ہیضے کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، عید قرباں کے پہلے روز 250 اور دوسرے روز میں 200 مریض بدہضمی کی شکایت کے ساتھ آئے۔
دوسری جانب ڈاکٹرز نے عوام سے گزارش کی ہے کہ قربانی کا گوشت اچھی طرح صاف کرکے پکا کر کھائیں، شہریوں کو چاہیے کہ گرم موسم میں گوشت اعتدال میں کھائیں۔