(24 نیوز) وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کا عید کے 3 دن جاری رہنے والا ’آپریشن کلین اپ‘ آج مکمل ہو گا۔
وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی بڑی عید پر شہریوں کی بڑی خدمت، عید کے 3 دن میں ستھرا پنجاب کی مہم نے ہر روز عوامی خدمت کا ایک نیا ریکارڈ بنایا، عیدالاضحی پر 72 گھنٹے میں مسلسل صفائی، عرق گلاب ملے پانی سے سڑکوں، گلیوں اور راستوں کی دھلائی، آلائشیں اٹھا کر پنجاب میں سرکاری مشینری نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے گورننس اخراجات میں اضافے کا انکشاف
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق، سیکرٹری وزارت بلدیات محمد شکیل، صفائی مہم میں شریک تمام میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنوں، ضلعی انتظامیہ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت، منتخب نمائندوں، اداروں، افسران اور عملے کے لئے اصل عیدی عوام کی شاباش ہے، آپ کے ٹیم ورک نے عوامی خدمت اور ’یہ ممکن ہے‘ کی سنہری اور قابل فخر مثال قائم کردی، بڑی عید پر صفائی کا بڑا سٹینڈرڈ بنا جسے قائم رکھنا ہے، ان شاءاللہ۔
وزیر اعلی پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام لا رہے ہیں ، سب اپنی ذمہ داری نبھا کر ’ستھرا پنجاب‘ کو حقیقت بنائیں گے، شہریوں اور میڈیا کا بھی شکریہ جن کے تعاون سے یہ ممکن ہوا، سب نے اپنی ذمہ داری خوب نبھائی، جس کی وجہ سے نا ممکن، ممکن ہوا، الحمدللہ، آئیں ہم سب مل کر اسی جذبے اور تعاون سے ’ستھرا پنجاب‘ کو مستقل معیار بنائیں، الحمدللہ ستھرا پنجاب نعرہ نہیں رہا، پنجاب کی حکومت اور عوام نے کرکے دکھایا ہے۔