(عامر شہزاد) ضلع خیبر کے علاقہ لنڈی کوتل نا معلوم افراد کی فائرنگ سے لنڈی کوتل پریس کلب کے سابق صدر خلیل جبران جاں بحق ہو گئے۔
لنڈی کوتل میں فائرنگ سے پریس کلب کے سابق صدر خلیل جبران کے جاں بحق ہونے پر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اظہار افسوس کیا، انہوں نے فائرنگ سے جاں بحق صحافی خلیل جبران کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کی، مرحوم کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت جاری کر دی، انہوں نے واقعے کی پرزور مذمت کی، انہوں نے واقعے میں صحافی خلیل جبران کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا، مرحوم کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے گورننس اخراجات میں کتنا اضافہ ہو گا؟ انکشاف ہو گیا
سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خلیل جبران کے قاتل قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔
دوسری جانب پاک افغان شاہراہ پر صحافی خلیل جبران کی میت رکھ کر احتجاج کیا گیا، احتجاج میں صحافی برادری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، مظاہرین نے کہا کہ صحافی خلیل جبران کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
بعد ازاں مقتول صحافی خلیل جبران کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، دوسری جانب خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں صحافی خلیل جبران کے قتل کا مقدمہ تھانہ لنڈی کوتل میں درج کر لیا گیا، ڈی پی او خیبر کا کہنا ہے کہ مقدمہ زخمی وکیل سجاد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، حملے میں سجاد ایڈووکیٹ زخمی ہوئے تھے، جو واقعے کے عینی شاہد بھی ہیں۔
واضح رہے کہ صحافی خلیل جبران کو گزشتہ روز گھر کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔