(24نیوز)قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے ایوان میں موجود تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو خطوط ارسال کر دیئے جس میں انتخابی اصلاحات لانے کے لئےپارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کے بارے میں سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی سے مشاورت کے بعد اپنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پارلیمانی کمیٹیوں کے جوائنٹ سیکرٹری کی جانب سے مراسلےلکھا گیا جس کا عنوان انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل تھا۔مراسلے میں کہا گیا کہ چیئرمین سینٹ کے ساتھ سپیکر کی مشاورت کے بعد آپ کو یہ آگاہ کیا جاتا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی کو جامع انتخابی اصلاحات کے لئے مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔
مراسلے کے مطابق سینیٹ میں پارلیمانی رہنماؤں کی فہرست کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ہی کمیٹی کو مطلع کردیا جائے گا۔قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قصیر نے چیئرمین سینٹ سمیت وفاقی وزرا وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چودھری سے ملاقات کے بعد مراسلہ پارلیمانی رہنماؤں کو ارسال کئے۔مراسلے میں کہا گیا کہ یہ کمیٹی ’وزیر اعظم کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں جمہوریت کے مفاد میں ایک قابل اعتماد اور شفاف انتخابی نظام کے قیام کے لئےتشکیل دی جارہی ہے جس سے بدعنوانیوں ختم ہوں گی‘۔
دوسری طرف حزب اختلاف کی مرکزی جماعت مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کو مسترد کردیا۔