(24نیوز) احتساب عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی اور دیگر ملزموں کیخلاف محکمہ سندھ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی۔
کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو ایم کیو ایم کے رہنما روف صدیقی اور دیگر ملزمان کیخلاف محکمہ سندھ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی و دیگر ملزمان پیش ہوئے، عدالت نے روف صدیقی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کردی، رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزموں کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے آئندہ سماعت پر ریفرنس کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 13 اپریل تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق ریفرنس میں رؤف صدیقی سمیت 8 ملزم نامزد ہیں، دیگر ملزموں میں محمد عابد، مشتاق علی، عمر علی، محمد نعیم، سید ایاز حسین اور ثروت فہیم شامل ہیں، رؤف صدیقی و دیگر نے 2008 سے 2014 تک محکمہ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیاں کیں، ملزمان نے غیر قانونی بھرتیاں کر کے قومی خزانے کو 420 ملین کا نقصان پہنچا۔روف صدیقی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ برسوں بعد فرد جرم عائد ہوئی ہے ہم نے بتایا کہ یہ مقدمہ ہی بوگس ہے، مقدمے میں بدنیتی شامل ہے، ہائیکورٹ نے بھی ضمانت دیتے وقت اس کو بدنیتی پر مبنی مقدمہ قرار دیا تھا۔