(24نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ صرف چند دستاویز کی بدولت شہریوں کا قرضہ منظور ہو جائے گا، پورا گھر تیار کر کے 14 لاکھ روپے میں کم آمدنی والوں کو دیا جائے گا۔اب سرکاری زمین بڑے بڑے مگر مچھوں کو نہیں ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ دنیا کے بڑے ممالک میں بھی گھر بنانے کیلئے قرض کی ضرورت ہوتی ہے، کسی کو قرض لے کر گھر بنانے کا کہا جائے تو پہلا ردعمل منفی آتا ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے قرض کے حصول کیلئے راہ ہموار کی، جب بھی ہاؤسنگ کی بات ہوتی ہے تو بڑے شہروں کو ترجیح دی جاتی ہے، کیا چھوٹے شہریوں اور عام آدمی کو اپنے گھر کا کوئی حق نہیں ؟۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کا ایک نیا منصوبہ لا رہے ہیں، پہلے فیز میں3 ہزار کنال پر 26 تحصیلوں میں کام شروع ہوگا، منصوبے کے پہلے فیز میں 14 لاکھ میں گھر بنا کر دیا جائے گا، صرف چند دستاویز کی بدولت آپ کا قرض منظور ہو جائے گا، معاون خصوصی نے کہا کہ21 ہزار 700 درخواستیں نیا پاکستان اتھارٹی کے پاس موجود ہیں،پہلے مرحلے میں10 ہزار 239 درخواستوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا ماضی میں گلبرگ، جوہر ٹاؤن میں منظور نظر لوگوں کو پلاٹ دیئے گئے۔اب سرکاری زمین بڑے بڑے مگر مچھوں کو نہیں ملے گی، اب سرکاری زمین عام آدمی کے استعمال میں لائی جائے گی، گھروں کے سیکٹرز میں انقلاب دیکھیں گے۔