(24نیوز)کراچی کے حلقہ این اے 249 بلدیہ ٹاؤن میں ضمنی الیکشن کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ تحریک انصاف نے مقامی عہدیدار امجد آفریدی کو ٹکٹ جاری کر دیا جبکہ ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو میدان میں اتارا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق این اے 249 پر امجد آفریدی کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔ امجد آفریدی تحریک انصاف کے دیرینہ اور سرگرم کارکن ہیں۔ تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکرٹری سعید آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف ایک بار پھر اس سیٹ پر کامیابی حاصل کرے گی۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی خالی نشست این اے 249 سے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق انتخاب 29 اپریل کو ہوگا۔ امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی 25 مارچ تک کی جائے گی۔ امیدوار ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف 29 مارچ تک ایپلٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 6 اپریل کو جاری کی جائے گی۔ این اے 249 کے ضمنی انتخاب سے دستبردار ہونے والے امیدوار 7 اپریل تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔ این اے 249 کے امیدواروں کو 8 اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔