موسم کے تیور بدل گئے، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Mar 19, 2021 | 19:34:PM
موسم کے تیور بدل گئے، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) گرمی کا زور بڑھنے لگا، لاہور میں صبح موسم خوشگوار جبکہ دوپہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے،ملک کے دوسرے اضلاع میں موسم خشک،جزوی ابرآلود اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج دن بھر کم سے کم درجہ حرارت 17 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے جبکہ شہر میں ہوا 7کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، فضائی آلودگی بھی برقرار ہے آج لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 180 تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں موسم جزوی ابرآلودرہنے کی توقع ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنےکا امکان ہے جبکہ بھکر ، لیہ ، میانوالی میں جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، دیر ،سوات، پشاور، کوہاٹ، کرم، وزیر ستان، بنوں ، ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ،بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، ژوب ، قلات، خضدار، بارکھان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے، علاوہ ازیں کشمیر میں موسم خشک جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے، چند مقامات پر ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔