حکمران سیاسی مسائل سے نکل کر عوام کا سوچیں،چوہدری شجاعت حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ حکومت میٹنگوں میں سیاسی مسائل کی طرف توجہ دے کر وقت ضائع کرنے کی بجائے مہنگائی اور عوام کے مسائل پر توجہ دے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو عوام کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کا کہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ اختلافات بھلا کر عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ بنیادی مسائل میں مہنگائی، بے روزگاری اور قیمتوں پر کنٹرول کرنا شامل ہے۔ حکومت سب سے پہلے اپنی تجاویز میں یہ دیکھے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ کیا ہے ،کیسے پیدا ہوئی اور کس نے پیدا کی۔ کمیٹی دیکھے کہ مہنگائی کو دور کرنے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے جائیں۔ باقی مسائل میں ووٹوں کو نوٹوں سے بچانے کیلئے اقدامات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے شک مارشل لا سے اختلافات ہو سکتے ہیں مگر پچھلے چاروں مارشل لا کی مثالیں دی جا سکتی ہیں۔ مارشل لا دور میں قیمتوں پر کنٹرول اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے پہلے دو ہفتوں میں اقدامات کئے تھے ۔مارشل لا دور کے وہ اقدامات آج بھی عوام کو یاد ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کمیٹی کو چاہیے مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے دوسرے مسائل کے حل کے لئے تجویز پیش کرے۔ ساری میٹنگوں میں سیاسی مسائل کی طرف توجہ دے کر وقت ضائع نہ کیا جائے، ووٹ کو نوٹ سے بچانے کیلئے اور منصفانہ الیکشن کروانے کیلئے بھی تجاویز دیں۔ کمیٹیاں ہمارے دور میں بھی بنتی رہی ہیں،کمیٹیوں کی رپورٹیں آج بھی سرد خانے میں پڑی ہوئی ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ رپورٹیں محنت سے تیار کیا جاتی ہے ان پر عملدرآمد کروانے کیلئے مصلحتوں سے کام لیا جاتا ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ وقت کا تعین کریں ورنہ یہ کمیٹی بھی کارپوریشن کمیٹی بن کے رہ جائے گی۔