حکومت لاقانونیت سے باز رہے: شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے سندھ ہاؤس اور ارکان قومی اسمبلی کے گھروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی پارلیمنٹ، پی ٹی وی سمیت سرکاری عمارتوں پر حملوں کے ”کنٹینر والے موڈ “میں آگئے ہیں،حملے اعتراف ہے کہ عمران نیازی ہار چکے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ ہاؤس اور اپنے ہی ارکان اسمبلی پر حملے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی دلیل ہے، ارکان قومی اسمبلی پر حملے عمران نیازی کی ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش ہے،ڈوبتی سیاست بچانے کے لئے عوام میں تصادم منفی، مجرمانہ اور غیرآئینی سوچ ہے، اسمبلی میں آئین اور جمہوری انداز میں مقابلہ کرنے کے بجائے پتھر برسانا، گیٹ توڑنا فسطائی ذہنیت اور شکست کی نشانی ہے، حکومت لاقانونیت سے باز رہے، کسی سیاسی رہنما، کارکن یا سرکاری عمارات کا نقصان ہوا تو عمران نیازی سے حساب لیں گے،مخالفین کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔