(24نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہونیوالے متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد شہباز شریف اور بلاول کے ہمراہ مشترہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حق کا علم اٹھائے میدان میں کھڑے ہیں،ناجائز حکمران کیفر کردار کو پہنچیں گے،اپوزیشن جنگ جیت چکی۔پہلے دن سے قومی مجرم کے مقابلے میں رہے،یہ شکست سے دوچار ہو کر اپنے گھرجائیں گے۔ ناجائز حکمران کیفر کردار تک پہنچیں گے ،ہم نے کارکنوں کو گالیوں کی سیاست نہیں سکھائی۔
فضل الرحمان نے کہاکہ شہباز شریف نے جن خیالات کااظہار کیا ہے اس سے سوفیصد اتفاق کرتے ہوئے میں یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ ہم روز اول سے اس قومی مجرم کے مقابلے میں میدان میں کھڑے ہیں ، حق کا علم لہراتے ہوئے آگے بڑھے ہیں اور آج وہ منزل آ ن پہنچی ہے جب اس طرح کے نا اہل ، نا جائز اورنا لائق حکمران کیفر کر دار تک پہنچیں گے اور شکست سے دو چار کر ذلت و رسوائی کے ساتھ گھر جائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت جو زبان استعمال کی جارہی ہے ، ایک سیاسی لیڈر تو بہت بڑی بات ہے ایک گھٹیاانسان بھی اتنے بڑے جلسوں میں اس طرح کی زبان استعمال نہیں کر سکتا ۔ انہوںنے کہاکہ اگر شرافت قریب سے بھی گزری ہوتی تو یہ زبان استعمال نہ ہوسکے، ہمیں اس کی پرواہ نہیں ہے ،اس طرح کی سیاست نہ قوم کو سکھائی ہے نہ اپنے کارکن کو سکھائی ہے ، ہم نے بہادری ، جرات کی سیاست اپنے گھر میں بھی سیکھی ہے ، ہماری ماﺅں نے جودودھ پلایا ہے وہ جرات بہادری کا ہے ، اس طرح کے لوگوں کے سامنے جھکنے کا درس نہیں دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ارکان آپ کےخلاف ووٹ ڈالنے کی طرف جارہے ہیں ، جب جہاز اڑ کر تلاش کرتے رہے اور آپ کی طرف آتے تھے تو آپ نے ضمیر کی آواز کہا ، آج کبھی گدھے اور کبھی خچر کا الفاظ استعمال کرتے ہیں ، انشاءاللہ ہم یہ جنگ جیت چکے ہیں اور تھوڑا سا وقت باقی ہے اس کو بھی بڑی کامیابی کے ساتھ انجام تک پہنچائیں گے اور ان کو گھر چلتا کریں گے ۔
یہ بھی پڑھیں۔سپیکر قومی اسمبلی عمران خان کےآلہ کار نہ بنیں۔شہباز شریف