علی بابا گروپ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے لاکھوں ڈالرز کا عطیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) گزشتہ برس پاکستان میں آئے تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی بحالی کیلئے علی بابا گروپ کی آن لائن شاپنگ ویب سائٹ دراز نے لاکھوں ڈالرز کا عطیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق علی بابا گروپ اور ایشیا کی بڑی آئن لائن شاپنگ ویب سائٹ دراز نے سیلاب سے متاثر پاکستانیوں کی بحالی اور ترقی کیلئے 3 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالرز عطیہ کر دیئے ہیں۔ چین میں واقع دراز پاکستان کی پیرنٹ کمپنی علی بابا نے یہ رقم عالمی سطح پر پہچانے جانے والے ادارے، دی سیٹیزن فاؤنڈیشن، کو مہیا کی ہے۔
دی سیٹیزن فاؤندیشن 1995 سے غریب اور نادار لوگوں کو برابری کی سطح پر تعلیم مہیا کرنے کے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ اس امدادی رقم سے سندھ کے ضلع بدین میں 180 بچوں کیلئے سکول تعمیر کیا جائے گا جہاں وہ تعلیم حاصل کر سکیں گے اور یہ سلسلہ اگلے 5 سال تک جاری رہے گا۔ دراز پاکستان ہر ماہ اس منصوبے میں دی سیٹیزن فاؤنڈیشن کی رہنمائی کرے گا اور مانیٹرنگ بھی کرے گا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرول پر 50 روپے فی لٹر تک ریلیف دینے کا فیصلہ
دراز پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر احسان سایا کا کہنا ہے کہ ملک تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی تباہی سے گزرا ہے جس سے بہت بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں، نقصان کو پورا کرنے کیلئے وسائل اور مواقع بہت کم ہیں، مخیر حضرات کو چاہیے جہاں تک ہو سکے سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں، دراز پاکستان ہمیشہ سے ہی پاکستانیوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کرتا آ رہا ہے اور اس وقت مصیبت میں گھرے عوام کو مدد کی اشد ضرورت ہے، ہمیں علی بابا گروپ کا حصہ ہونے پر فخر ہے جو کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، تعلیم معاشرے کی بحالی ، خوشحالی اور ترقی کیلئے سب سے اہمیت کی حامل ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم دی سیٹیزن فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر لوگوں کی زندگیاں بدلنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
پاکستان میں چین کے سفیر کا کہنا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ چینی علی بابا گروپ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمرِ نو کیلئے لاکھوں ڈالرز عطیہ کیے، اور خوش آئند بات یہ ہےکہ امدادی رقم سے سندھ کے بدین جیسے پسماندہ ضلع میں تعلیم کیلئے سکول کی تعمیر کی جائے گی، میں سیٹیزن فاؤنڈیشن کا خصوصی طور پر مشکور ہوں کہ وہ اس نیک کام میں ہمارے ساتھ ہیں۔
لازمی پڑھیں: ماہ رمضان ،پنجاب حکومت کا عوام بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ
واضح رہے کہ دراز جنوبی ایشیا کی ایک بڑی آن لائن شاپنگ سائٹ ہے جس کو 2015 میں بنایا گیا، اس کے کمرشل پلیٹ فارم پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور میانمار میں ہیں، یہ 2 لاکھ سے زائد کاروبار حضرات کیلئے ایک اچھی مارکیٹ ہے جہاں 50 کروڑ سے زائد لوگ موجود ہیں، دراز ایکسپریس اور دراز پے جیسی سہولیات سے رقم اور اشیا کی ترسیل با آسانی ممکن ہے، دراز کا ہدف 2030 تک 5 کروڑ صارفین کے ساتھ ایشیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ ببنے کا ہے۔
خیال رہے کہ چین اب تک پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 260 ملین امریکی ڈالرز کی امداد کر چکا ہے۔