ٹرمپ حکومت کو جھٹکا: امریکی عدالت نے یو ایس ایڈ کو بند کرنے سے روک دیا

Mar 19, 2025 | 11:42:AM
ٹرمپ حکومت کو جھٹکا: امریکی عدالت نے یو ایس ایڈ کو بند کرنے سے روک دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )امریکہ میں ایک وفاقی جج نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یو ایس ایڈ (یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ) کو بند کرنے کے فیصلے کو روک دیا۔ عدالت نے ایلون مسک اور ڈپارٹمنٹ فار گورنمنٹ ایفیشنسی (Doge) کی کوششوں کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

جج تھیوڈور چوانگ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ  یو ایس ایڈ  کو بند کرنے کی کارروائیاں غیر آئینی ہو سکتی ہیں اور فوری طور پر ادارے کے ملازمین کو دوبارہ کام پر بحال کرنے کا حکم دیا۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب یو ایس ایڈ کے ملازمین نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایلون مسک کا حکومتی اداروں پر کنٹرول غیر قانونی ہے کیونکہ انہیں نہ تو سرکاری طور پر کوئی عہدہ دیا گیا اور نہ ہی امریکی سینیٹ نے ان کی تقرری کی منظوری دی۔

 یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ، روسی صدر نے فوج کو یوکرینی توانائی انفرااسٹرکچر پر حملوں سے روک دیا

ٹرمپ حکومت نے جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد 90 دن کے لیے تمام غیر ملکی امداد پر پابندی عائد کی تھی، جس کے تحت USAID بھی متاثر ہوا۔

عدالت کے فیصلے کے بعد  یو ایس ایڈ کے 80 فیصد سے زائد منصوبے بند ہونے کے باوجود مزید کٹوتیوں پر پابندی لگ گئی ہے۔ وہائٹ ہاؤس نے عدالتی فیصلے کو "انصاف کا قتل" قرار دیتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا۔

یہ فیصلہ ٹرمپ حکومت کے لیے ایک اور قانونی دھچکا ہے، کیونکہ اسی ہفتے ایک اور وفاقی جج نے وینزویلا کے مبینہ گینگ ممبرز کی ملک بدری روک دی تھی، جس پر ٹرمپ نے جج کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔