جمعیت علما اسلام کے سابق مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد انتقال کر گئے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(عیسیٰ ترین) جمعیت علماء اسلام(جے یو آئی) کے سابق مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد انتقال کرگئے۔
حافظ حسین احمد رکن قومی اسمبلی، سینیٹر اور دیگر اہم عہدوں پر فائض رہے ،حافظ حسین احمد گزشتہ کئی سال سے شدید علیل تھے۔
1973کے اوائل میں احمد نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز بلوچستان سے عارضی سطح پر جبکہ پھر قومی سطح کیا، اس کے بعد انہوں نے جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان نیشنل الائنس میں اہم عہدوں پر قیادت کی اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں،حافظ حسین احمد کوئٹہ کے معروف مدرسے مطلع العلوم کے مہتمم بھی تھے ۔
سینئر سیاست دان نے 2002 - 2007 اور 1988 - 1990 تک دو بار پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن اور مارچ 1991 سے مارچ 1994 تک پاکستان کی سینیٹ کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق حافظ حسین احمد طویل عرصے سے علیل تھے،ان کی تدفین کوئٹہ میں ہوگی۔
وزیر اعظم شہباز شریف، صدر زرداری، جے یو آئی کے سربراہ اور دیگر نے حافظ حسین احمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حافظ حسین احمد کی وفات سے حسین یادوں کا ایک باب ختم ہوگیا ،جوانی سے بڑھاپے تک ایک ہی کاز کے لئے ایک ہی پلیٹ فارم سے جدوجہد کی یادیں ہمیشہ یاد رہیں گی ،ان کا کہنا تھا کہ حافظ صاحب مرحوم زیرک ،حاضر جواب ، نکتہ داں سیاسی ،نظریاتی اور پارلیمانی رہنماء تھے ،اللہ کریم حافظ صاحب کی سیئات سے درگذر فرماکر انکی خدمات کو قبول فرمائے ،رمضان کریم کی بابرکت ساعات میں اللہ کریم کے حضور پیش ہونا یقینا حافظ صاحب بلندی درجات کا سبب بنے گا ۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حافظ صاحب مرحوم کے فرزندان ،اہل خانہ متعلقین اور جے یو آئی کارکنوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں،اہل مدارس ،کارکنان اور رہنماء اپنی دعاؤں میں حافظ صاحب کو یاد رکھیں،غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے ساتھ برابر کا شریک ہوں،اللہ کریم اہل خانہ کو صبر جمیل دے ۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کمیٹی برائے خارجہ امور کو تحلیل کردیا گیا