پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے کڑی شرائط ، کھلاڑیوں کی روانگی بھی مؤخر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ابوظبی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے سخت شرائط آڑے آنے لگیں۔
ذرائع کے مطابق امارات میں کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 کی میزبانی کی تصدیق کے باوجود ایونٹ کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہا اور ابوظبی میں میچز کے انعقاد کے لیے سخت شرائط آڑے آرہی ہیں۔
پی سی بی کے ذرائع کا بتانا ہےکہ پی سی بی کو آپریشنل، کووڈ ویکسین، سفری پروٹوکولز اور دیگر کئی مسائل درپیش ہیں اس لیے کڑی شرائط میں پی سی بی کے لیے میچز کا انعقاد ممکن نہیں جس کے باعث پی ایس ایل کے ابو ظبی میں انعقاد کے امکانات اب بھی ففٹی ففٹی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی کی فرنچائز مالکان کے ساتھ آج اہم میٹنگ ہے جس میں بڑا فیصلہ متوقع ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل پلیئرز کی پاکستان سے شیڈولڈ روانگی بھی مؤخر ہوگئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں اور پلیئرز کو ایڈوائزری موصول ہوگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو موصول پیغام میں کہا گیا ہےکہ شیڈول کے مطابق 22 مئی کو روانگی نہیں ہوگی، کھلاڑی فی الحال قرنطینہ کیلئے ہوٹل چیک ان نہ کریں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔معاملات کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد فائنل سمیت بقیہ 20 میچز ابوظبی میں کرائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زارا نور پھنس گئیں،مداحوں نے آڑے ہاتھوں لیا