(24نیوز)بھارت میں سمندری طوفان تاؤتے کے باعث بڑی کشتی ڈوبنے سے 261 افراد ڈوب گئے ، متعدد افراد لاپتا ہوگئے جب کہ 22 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں طوفان تاؤتے کی وجہ سے کشتی سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہوگئی جس کی وجہ سے اس میں سوار 261 افراد ڈوب گئے جن میں سے 184 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ حادثے کے بعد بھارتی نیوی نے اب تک 22 افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی ہیں جب کہ دیگر افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بھارتی بحریہ کا کہنا ہےکہ ریسکیو آپریشن میں بحریہ کے ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں جب کہ سمندر کی لہریں 25 فیٹ تک بلند ہونے کی وجہ سے آپریشن میں پریشانی کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے سبب سمندر میں پھنسنے والی کشتی انڈین آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن کی ہے جو ڈرلنگ کے لیے سمندر میں موجود تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ طوفان کے باعث تین دیگر کمرشل کشتیاں بھی سمندر میں پھنس گئی تھیں جن میں سے 35 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔بھارت میں طوفان تاؤتے نے تباہی مچارکھی ہے جس کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے ہزاروں گھر تباہ ہوچکے ہیں اور متعدد گاؤں زیر آب آگئے جب کہ حادثات میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔