سکینڈل پہ سکینڈل۔۔اے این پی کا راولپنڈی رنگ روڈ پر کمیشن بنانے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا ہے کہ حکومتی کشتی بھنور میں پھنس چکی ، حکمرانوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں دراڑ انکی ناکام اور غریب کش پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اب انہیں شاید اپوزیشن کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے،آئے روز سکینڈلز پہ سکینڈلز سامنے آرہے ہیں ۔
امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ عوام دیکھیں گے کہ کرپشن کی لازوال داستانیں جلد سامنے آئیں گے۔ کرپشن چارجز سامنے آنے پر وزراکے قلمدان تبدیل کئے گئے لیکن سزا نہیں دی گئی، احتساب کمیشن بھی اپنے ہی وزراکو بچانے کیلئے ختم کی گئی۔ پی ٹی آئی میں دو نہیں کئی گروپس موجود ہیں،اگلے انتخابات میں عوام خود فیصلہ کریں گے کہ اصل عوامی حکمران کون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران روز اول سے اپنوں کو نوازنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کا صرف ایک ثبوت رنگ روڈ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ پیراشوٹرز معاونین کے ذریعے ناکام حکومت اپنی نااہلی و ناکامی مزید نہیں چھپاسکتے۔ پاکستانی قوم پر ایسے شخص کو مسلط کیا گیا ہے جو اپنی کرسی بچانے کیلئے بلیک میل کرنیوالوں سے سمجھوتے کررہا ہے ۔
اے این پی رہنما نے کہا کہ چینی، آٹا،دوائی چوروں کو کیا سزا دی گئی؟ بی آر ٹی کرپشن پر کیوں حکم امتناعی لی گئی ہے؟ مالم جبہ اراضی سکینڈل کا کیا بنا؟ رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کے نام پر اپنوں کو کلین چٹ دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ۔۔تین ریفرنسز کی منظوری