ملک کے سیاسی بحران پرجلد قابو پالیا جائے گا:وزیردفاع

May 19, 2023 | 11:32:AM

(احمد منصور)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن بہت جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے عالمی نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کو راولپنڈی، میانوالی، لاہور میں پرتشدد واقعات کے دوران پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے عسکری تنصیبات پر حملے کئے،پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں، میں بھی گرفتار ہوا تھا،میرا لیڈر اور میری سیاسی پارٹی کے کئی لوگ گرفتار ہوئے تھے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی، ہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری و سول تنصیبات پر حملے نہیں کئے،عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں۔

ضرور پڑھیں:’9 مئی کو پی ٹی آئی کی مکمل منصوبہ بندی تھی،بہت سارے لوگ پارٹی چھوڑ جائیں گے‘

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سرکاری و عوامی املاک پر حملے کئے جائیں،پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عسکری تنصیبات سمیت عوامی و سرکاری املاک پر حملے کئے، ایسا عمل پاکستان کے خلاف جنگ کے مترادف ہے، جن لوگوں نے عسکری تنصیبات، ملٹری بیسز اور عسکری شخصیات کی رہائش گاہوں پر حملے کئے، ان کے ٹرائل آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے۔

ہم نئی عدالتیں اور نئے قوانین نہیں بنا رہے، پہلے سے قوانین موجود ہیں،ایسے ملزمان کے پاس ہائی کورٹس اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا،ہم صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں،شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے،آئندہ چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے،الیکشن اکتوبر میں اپنے وقت پر ہوں گے۔

مزیدخبریں