(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہےکہ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اورباہرحکومت کی فسطائیت اورآئین دشمنی کوچیلنج کرےگی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی قانون سازی کو آئینی و قانونی نہیں مانتا اور فرمان عمران نیازی مسترد کرتے ہیں جب کہ پاکستان میں عمران نیازی کی بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے، شہبازشریف کی زیرصدارت (ن) لیگ کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے اپوزیشن چیمبر میں ہوا جس میں پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں حکومت کی قانون سازی بلڈوزکرنے کے معاملے پرغور کیا گیا۔
(ن) لیگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی اصلاحات اتفاق رائے کے بغیر ہونے کی مذمت کی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اورباہرحکومت کی فسطائیت اورآئین دشمنی کوچیلنج کرےگی۔
اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی قانون سازی کو آئینی و قانونی نہیں مانتا، فرمان عمران نیازی مسترد کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام پرمہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پرخود کش حملہ کیا، موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے، اب آئین پرحملہ آور ہے، الیکشن کمیشن کا بیان حکومتی قانون سازی اور ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے، پاکستان میں عمران نیازی کی بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ ایل پی جی، آٹا، چینی، دوائی اور بجلی گیس عوام کی پہنچ سے باہرہیں، عوام دشمن اور قانون شکن ظالم حکومت کا ساتھ دینے والے عوام کے مجرم ہیں،اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی،آئین اورعوام کو ریلیف دلائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کترینہ کیف شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کریں گی یا نہیں۔۔۔۔؟