دنیائے کرکٹ پر کس کی حکمرانی ہو گی؟ فیصلہ آج ہو گا

Nov 19, 2023 | 09:06:AM
دنیائے کرکٹ پر کس کی حکمرانی ہو گی؟ فیصلہ آج ہو گا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گے، بڑے مقابلے کے لئے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان آج ہونے والے ورلڈکپ فائنل کے لئے آفیشلز کا اعلان کردیا، آئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ فائنل 2023کے لئے تجربہ کار جوڑی رچرڈ ایلنگ ورتھ اور رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائر کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ جوئیل ولسن تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، اس کے علاوہ کرس گیفانی فورتھ امپائر جبکہ اینڈی پائیکرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد حفیظ کو ڈائریکٹر قومی ٹیم کے بعد ایک اور ذمہ داری مل گئی

میگا ایونٹ کے فائنل میں میزبان بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں  آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، بھارتی ٹیم روہت شرما کی سربراہی میں میدان میں اترے گی اور اس کو ویرات کوہلی، شمبن گِل، کے ایل راہول، محمد شامی، جسپریت بمرا، کلدیپ یادیو اور رویندرا جدیجہ جیسے مایاناز کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی، کینگروز کی ٹیم پیٹ کمنز کی قیادت میں میدان میں بھارتی سورماؤں کا مقابلہ کرنے کے لئے اترے گی اور گلین میکسویل، ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، مچل سٹار، ایڈم زامپہ، جوش ہیزل ووڈ، مارکس سٹوئنس جیسے ان فارم کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب میدان میں شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کرنے کے لئے بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم ورلڈکپ فائنل میچ سے قبل ایئرشو کا انعقاد کرے گی، بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کے اعلی عہدیداران، بالی ووڈ اسٹارز اور بزنس ٹائیکون کی آمد بھی متوقع ہے۔