(ویب ڈیسک) بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے سیاست کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ سپر سٹار شکیب الحسن نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا ہے اور وہ حکمران جماعت بنگلا دیش عوامی لیگ کی جانب سے 7 جنوری کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔
عوامی لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل بہاؤالدین نسیم نے اے ایف پی کو بتایا کہ شکیب نے ہفتہ کو پارٹی سے نامزدگی فارم لیے اور وہ ممکنہ طور پر تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔
بہاؤ الدین نسیم کا مزید کہنا تھا کہ شکیب ایک مشہور شخصیت ہیں اور نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں، ان کا اپنے جنوب مغربی آبائی ضلع ماگورا یا دارالحکومت ڈھاکہ میں کسی نشست پر انتخاب لڑنے کا امکان ہے۔
شکیب اس وقت انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔
مزید پڑھیں: لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے جبکہ کراچی دوسرے نمبر پر آگیا
خیال رہے کہ سابق بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے بھی 2018 میں سیاست میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اسی سال حکمران جماعت کی جانب سے قانون ساز منتخب ہوئے تھے۔