مس یونیورس 2023  کا تاج شینس پالاسیوس نے اپنے نام کرلیا 

Nov 19, 2023 | 13:20:PM

(ویب ڈیسک) مس یونیورس 2023  کی دوڑ میں کاراگوا کی 23 سالہ حسینہ شینس پالاسیوس نے مس یونیورس کا ٹائٹل  اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی۔

مس یونیورس 1952 سے ہر سال منعقد ہونے والا بین الاقوامی مقابلۂ حسن ہے جس میں ملک بھر کی حسینائیں اپنے حسن کا مظاہرہ کرکے  دنیا میں اپنے نام کا لوہا منواتی ہیں۔

ایل سلواڈور میں منعقد ہونے والے رواں سال کے مقابلہ حسن کی دوڑ میں 90 سے زائد ممالک کی حسیناوْں نے حصہ لیا جو اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی تھیں۔

23 سالہ حسینہ شینس پالاسیوس مس یونیورس جیتنے والی پہلی نیکاراگوان خاتون ہیں جو اپنے سر پر جیت کا تاج پہنتے ہوئے آنکھوں میں آنسو لیے خوشی سے نہال تھیں جبکہ مقابلے کی اس دوڑ میں رنرز اپ تھائی لینڈ کی اینٹونیا پورسلڈ  اور  آسٹریلیا کی موریا ولسن بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔

اس مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں مقابلے کی ٹاپ 3 حسیناوْں سے یہ آخری سوال پوچھا گیا کہ ’اگر اُنہیں کسی اور خاتون کی زندگی کا ایک دن گزارنے کا موقع دیا جائے تو وہ کس خاتون کا انتخاب کریں گی؟‘

شینس پالاسیوس نے اس سوال کے جواب میں 18ویں صدی کی برطانوی فلسفی اور حقوق نسواں کی ماہر میری وولسٹن کرافٹ کا انتخاب کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اپنی محنت اور کوشش سے بہت سی خواتین کے لیے کام کیا اور اُنہیں نئے مواقع فراہم کیے تو میں ان کی طرح زندگی کا ایک دن گزارنا چاہوں گی۔

یاد رہے کہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی فاتح  23 سالہ بیوٹی کوئین نے اپنے پیشرو، ریاستہائے متحدہ کے آر بونی گیبریل سے تاج اور سلیش وصول کیا۔

مزید پڑھیں:  ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

دوسری جانب مس یونیورس 2023 میں پاکستان کی نمائندگی ماڈل اریکا رابن نے کی، اُنہوں نے ریمپ پر واک کرنے کے لیے ایسے لباس کا انتخاب کیا جس میں پاکستانی ثقافت کے رنگ نظر آئے۔

واضح رہے کہ ایریکا رابن کو تاریخ میں پہلی ’مس یونیورس پاکستان‘ ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اُن کی اس کامیابی پر عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

مزیدخبریں