(24نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں زرتاج گل و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درج مقدمے پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل اپنے وکلاء سردار مصروف، آمنہ علی اور زاہد بشیر ڈار کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی جانب سے ان کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست کی جو عدالت نے منظور کرلی۔
عدالت نے مقدمہ میں نامزد ملزمان زرتاج گل،عمر ایوب اور فیصل امین کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ فیصل امین اور عمر ایوب کی بھی ضماتیں لگی ہیں اگلی سماعت 5 دسمبر کو رکھ لیتے ہیں،ایڈووکیٹ سردار مصروف نے کہا کہ دو شریک ملزمان کی مقدمے میں ایک جیسے کردار پر ضمانت منظور ہو چکی ہے جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس میں کہا سٹیٹس سیم ہے ایک ہی دن دیکھ لیتے ہیں، اس پر زرتاج گل بولیں کہ ہمیں سٹیٹس کی ہی سزا مل رہی ہے۔
بعدازاں عدالت نے زرتاج گل ویگر ملزموں کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔