(ویب ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں مذاکرات کیلئے حامی بھرلی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر اجازت لینے آئے تھے کہ اگر رابطہ ہوتا ہے تو کیا مذاکرات کئے جائیں جس پر عمران خان نے کہا مذاکرات ان سے ہی ہوں گے جن کے پاس پاور ہے۔
خالد یوسف چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات پر بات چیت کی اجازت دی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا 24 نومبر کا احتجاج تب ہی ختم ہوگا جب مطالبات تسلیم کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کی اجازت دے دی ہے اس سے پہلے مذاکرات سے منع کر رکھا تھا، علی امین گنڈاپور نے احتجاج کی تیاریوں سے متعلق بانیٔ پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔
خالد یوسف چودھری کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بھی علی امین گنڈاپور کو ہدایات جاری کیں، بانی پی ٹی آئی، بیرسٹر گوہر خان اور علی امین گنڈاپور کے درمیان تقریباً 2 گھنٹے تک ملاقات ہوئی۔
آج راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کی ملاقات ہوئی تھی۔