(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متنازعہ ٹویٹ پر گرفتار سینیٹر اعظم سواتی پر گرفتاری اور حراست کے دوران تشدد کے الزامات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
ایف آئی اے نے گرفتاری و تفتیش کے دوران اعظم سواتی پر کسی قسم کے تشدد یا بدسلوکی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی پر گرفتاری اور جسامنی حراست کے دوران تشدد کے الزام کے حوالے سے سوشل، الیکٹرانک میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں جو بے بنیاد ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام ضابطہ اخلاق اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مجسٹریٹ کی موجودگی میں سینیٹر اعظم خان سواتی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور چھاپہ مارا گیا اور گرفتاری کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ایف آئی اے اسلام آباد کے حکم پر تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ نے سینیٹر اعظم خان سواتی کو طبی لحاظ سے فٹ قرار دے دیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کی قانونی حراست کے دوران جسمانی تشدد کے الزام کی شدید مذمت کی جاتی ہے کیونکہ تمام قانونی عمل کے دوران سینیٹر کے وقار اور تقدس کو یقینی بنایا گیا۔