پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نامنظور ڈاٹ کام ویب سائٹ سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر علی گوہر اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے افسران عدالت میں حاضر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی: وزیراعظم شہباز شریف
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ایسے کیسز نہیں بنتے کہ بس صرف بندہ اٹھاو، بندہ اٹھانے سے کوئی تفتیش نہیں ہوتی، اس طرح کیسز کرتے ہیں تو پھر عدالتوں میں کیسز آتے ہیں، عدالت جب فیصلہ دیتی ہے تو عدالتوں پر الزام آجاتے ہیں، آج آپ حکومت میں ہیں کل یہ ہونگے، پرسوں کوئی اور ہوگا، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، مگر اداروں نے ادھر ہی رہنا ہے۔
بیرسٹر علی گوہر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کو کسی قسم کی تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جو نئی درخواست دائر ہوئی ہے اس کی ابھی مجھے کاپی نہیں ملی۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی وقت دینے کی مہلت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔