(24 نیوز) سندھ پولیس کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کے حوالے سے 3 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی سندھ کو بین الاقوامی طرز پر اپ گریڈ کرنے کے 3 ارب کے منصوبہ پر کام شروع ہوچکا ہے اور اس کا پہلا مرحلہ آئندہ 3 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، اس اہم منصوبے کے لئے سندھ حکومت نے تین ارب روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دے دی ہے۔
خیال رہے پہلے مرحلے میں سی ٹی ڈی کے آئی ٹی کے شعبہ کو محفوظ اور بین الاقوامی اداروں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں جدید ترین سافٹ ویئر کی خریداری اور ماہر آئی ٹی انجینئرز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
سی ٹی ڈی افسران کی فول پروف سیکیورٹی کے پیش نظر بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جارہی ہیں اور سی ٹی ڈی کے دفاتر کو حتی الامکان دہشت گردی سے محفوظ بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ہر عہدے کے افسران و ملازمین کی رہائش گاہوں کو بھی فول پروف سیکورٹی ملے گی۔ سندھ بھر میں کراچی سمیت تمام سی ٹی ڈی دفاتر کیلئے مخصوص کمپلیکس بھی بنائے جا رہے ہیں۔