درآمدی سگریٹس پر ٹیکس بڑھانے کی سفارش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سگریٹ کا استعمال کرنے والوں کیلئے اہم خبر،پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے درآمدی سگریٹس پر ٹیکس بڑھانے کی سفارش کردی ہے۔
پی اے سی اجلاس میں کہا گیا کہ درآمدی سگریٹس پر ٹیکس بڑھانے سے 300 ارب روپے اضافی ریونیو جمع ہوسکتا ہے،اجلاس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا کہ تمباکو سیکٹر سے سالانہ 160 ارب روپے ٹیکس حاصل ہوتا ہے، سگریٹ سازی کی صنعت سے مزید 60 ارب روپے تک ٹیکس وصولی کی گنجائش ہے۔
اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ 157 ارب روپے یعنی 98 فیصد ٹیکس 2 ملٹی نیشنل کمپنیاں دے رہی ہیں 20 دیگر کمپنیوں سے صرف 3 ارب روپے ٹیکس حاصل ہو رہا ہے، مقامی اور درآمدی سگریٹس پر 17 فیصد جی ایس ٹی لاگو ہے، اس کے علاوہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جارہی ہے۔’’ٹیئر ون‘‘ سگریٹ پر فی ایک ہزار اسٹک 6500 روپے ٹیکس ہے،’’ ٹیئر ٹو‘‘ سگریٹ پر فی 1 ہزار اسٹک 2050 روپے ٹیکس ہے، درآمدی سگریٹ کے فی پیکٹ پر 65 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ہے جبکہ مقامی اور درآمدی سگریٹ پیکٹ پر ٹیکس 41 روپے وصول کیا جارہا ہے، درآمدی سگریٹ پر ٹیکس مزید بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا اور اس کا بڑا فائدہ ہوگا۔