کرتار پور   میں’’ سانجھی بیٹھک پنجاب دی ‘‘کے  زیر اہتمام  پنجابی مشاعرہ

خواتین نے روایتی شاعری پر لڈی ڈالی اور تالیاں بجا بجا کر گیت گائے

Oct 19, 2022 | 18:52:PM

(اشتیاق ربانی)شکر گڑھ میں دربار صاحب بابا گورو نانک دیو جی کرتار پور کمپلیکس  کے باہر اوپن ائیر  میں’’ سانجھی بیٹھک پنجاب دی ‘‘کے  زیر اہتمام  پنجابی مشاعرہ منعقد ہوا جس میں پاکستان اور بھارتی پنجابی شعراکی کثیر تعداد نے شرکت کی ، خواتین نے روایتی شاعری پر لڈی ڈالی اور تالیاں بجا بجا کر گیت گائے۔

کرتارپور راہداری کے ذریعے بھارت پنجاب سے سکھ یاتریوں کی آمد کے ساتھ بھارتی شعراء کی  راہداری کے ذریعے کرتارپور گردوارہ آنے کا سلسلہ جا ری رہتا ہے، گردوارہ بابا گورو نانک دیو جی کرتار پور کمپلیکس  کے باہر اوپن ائیر  میں’’ سانجھی بیٹھک پنجاب دی ‘‘کے  زیر اہتمام پنجابی مشاعرہ  میں بھارتی شعراء و نرمل سنگھ براڑ ،نرمل کور کوٹلہ ، دیوندر کور ڈھلوں، ثمر جیت گریوال ، نورانی ،کشور لال ،سریندر کور امرتسر ،کرن بالا،بلجیت کورنے شرکت کی ۔

پاکستان پنجاب سے صابر ناز، بشیر کمال ، ڈاکٹر ندیم ملانہ ،فاروق ملانہ،جاوید کنول موسی پوری ،بوٹا شاکر ، رب نواز ، نرگس نور ، نور العین ، پروا مسعود نے اپنے اپنے کلام کے ذریعے پنجابی ثقافت، تمدن کے ساتھ ساتھ غم دوراں کو سامعین کی سماعتوں کی نذر لیا ۔

پنڈال میں پہنچنے پر بھارتی مہمانوں کا زبردست استقبال کیاگیا،مشاعرے کے بعد سانجھی بیٹھک پنجاب دی اور وشوک ناری سٹیک منچ امرتسر کی طرف سے شرکاء کو شیلڈز دی گئیں۔

بھارتی شعراء نے پاکستان سے ملنے والے پیار کو یاد گار قرار دیا اور کرتارپور راہداری کو ملن امن اور سلامتی کی راہداری قرار دیا ۔ دربار انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کو سروپا بھی پیش کئے گئے ۔

مزیدخبریں