(24 نیوز)نیپرا ہیڈ کواٹررز میں بجلی کی پیداوار کے نظر ثانی شدہ طویل مدتی منصوبے 2022-31 پر عوامی سماعت کا انعقاد کیا گیا، عوامی سماعت چیئرمین نیپرا انجینئر توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت ہوئی ، عوامی سماعت میں نیپرا ممبران ، انجینئر رفیق احمد شیخ اور انجینئرمقصود انور خان بھی موجود تھے۔
نیپرااعلامیہ کے مطابق سماعت میں وفاقی و صوبائی وزارت توانائی کے نمائندوں سمیت پاور سیکٹر کے سٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سٹیک ہولڈرز نے آئی جی سیپ کے مسودہ پلان کے مختلف نقات پر تبادلہ خیال کیا اور بہتری کی تجاویز بھی پیش کی۔
اعلامیہ کے مطابق طویل مدتی منصوبے 2022-31 بجلی کی پیداواری صلاحیت میں توسیع کی منصوبہ بندی کا احاطہ کرتا ہے، طویل مدتی منصوبے 2022-31 میں سستی اور صاف ذرائع پر مبنی منصوبوں کے اضافے کو ترجیح دی جاتی ہے، طویل مدتی منصوبے 2022-31 کے تحت درآمد شدہ ایندھن کے ذرائع پر چلنے والے پاور پلانٹس کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا۔
اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا، اتھارٹی طویل مدتی منصوبے 2022-31 کو حتمی شکل دینے اور اس کی منظوری کیلئے شرکا کے تبصروں اور تجاویز پر غور کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مسرت جمشید چیمہ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب مقرر