ممکنہ لانگ مارچ؛ عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر، آئی جی رپورٹ عدالت میں جمع

Oct 19, 2022 | 21:23:PM

(امانت گشکوری)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکردی گئی،عدالت کل حکومت کی درخواست پر سماعت کریگی، آئی جی اسلام آباد نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ رکوانے کیلئے وفاقی حکومت متحرک ہوگئی،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکردی گئی،وفاقی حکومت نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی استدعا کر دی۔
درخواست میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ 25 مئی کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی،درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ عمران خان نے ایچ نائن گراؤنڈ جانے کے بجائے ورکرز کو ڈی چوک کال دی،پی ٹی آئی ورکرز نے ریڈ زون میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا،پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس سے واضح ہے کہ عدالتی احکامات کی توہین کی گئی۔
حکومت کی جانب سے کہاگیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 25 مئی کو فیصلہ دیا تھا جس پر عمران خان نے عمل نہیں کیا،اب پھر عمران خان اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں،لانگ مارچ کو کامیاب کرنے کیلئے کارکنوں کو جہاد جیسے لفظ استعمال کرکے اکسا رہے ہیں ،عمران خان اور ان کے پارٹی رہنما عدلیہ اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کا ٹرینڈ چلا رہے ہیں ۔
درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ عمران خان کی آج سے نہیں بلکہ اداروں کو بدنام کرنے کی ایک تاریخ ہے،عمران خان آئینی طریقے سے آنے والی حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی،پولیس رپورٹ کے مطابق مظاہرین کو ریڈ زون داخل ہونے کیلئے چیئرمین تحریک انصاف نے ہدایت دی،رپورٹ میں کہاگیاہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود مظاہرین ریڈ زون داخل ہوئے،چیئرمین تحریک انصاف کے ویڈیو پیغام میں کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کا کہا گیا،رپورٹ میں مزید کہاگیاہے کہ 700 سے 800 مظاہرین ریڈ زون داخل ہوئے،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مظاہرین کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی،مظاہرین نے کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں ہٹائیں،فواد چوہدری،زرتاج گل،سیف اللہ نیازی اور عمران اسماعیل سمیت دیگر رہنما اشتعال دلاتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ایچ نائن گراونڈ نہیں گئے،تحریک انصاف کا کوئی کارکن ایچ نائن گراونڈ نہیں پہنچا،21 شہری ریڈ زون داخلے کے دوران زخمی ہوئے،پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا،تحریک انصاف کے کارکن اسلحہ سے لیس تھے اور ڈنڈے بھی اٹھا رکھے تھے،تحریک انصاف کی قیادت کی ہدایت کے مطابق منظم طریقے سے مظاہرین ریڈ زون داخل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب

مزیدخبریں