(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ گندم میں 3 گنا اضافے کیلئے پیداوار دینے والے بیجوں کی تیاری آخری مراحل میں ہیں جس سے تجرباتی طور پر تین گنا زیادہ پیداوار حاصل ہوگی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی نے تین گنا زیادہ پیداوار والے گندم،گنے اور سویا بین کے بیجوں کے بارے میں وائس چانسلر کی بریفنگ دی جس کے مطابق گنے کی اس وقت پیداوار 700 من ہے جبکہ نئی وارئٹی سے 2200 من پیداوار حاصل ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گندم، گنے اور سویا بین کے نئے بیج دیکھے اور ان بیجوں سے اُگنے والے گندم، گنے اور سویا بین کے پودوں کا مشاہدہ کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے فلسطین کو فوری امداد بھیجنے کا اعلان کر دیا
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ان بیجوں کو زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے اہم اقدام قرار دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بیج مارکیٹ میں آنے سے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوگا۔ کسان کی آمدن بڑھے گی اور زرعی شعبہ میں حقیقی معنوں میں پھلے پھولے گا۔ سویا بین کی پیداوار سے آئل امپورٹ سے نجات ملے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُمید ہے کہ آئندہ سال یہ بیج کمرشل استعمال کیلئے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔