آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا،آرمی چیف نے جاری فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023 کا مشاہدہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کےساتھ ترکیہ،آذربائیجان اور ہنگری کی فضائی افواج کے سربراہوں نے بھی 14 ملکی مشقوں کا مظاہرہ دیکھا،ائیربیس آمد پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر کا غیر ملکی مہمانوں اور پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا ،آرمی چیف اور غیر ملکی مہمانوں کو ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں فراہم کردہ تربیتی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی،جدید فضائی جنگ کے تصورات، باہمی اشتراک کار اور تعاون کو فروغ دینے پر مبنی فضائی مشق کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا گیا،ائیر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے آرمی چیف کے تعاون کو بھرپور سراہا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف نے مشق میں 14 ممالک کی بھرپور شرکت کو بھی سراہا،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جدید فضائی جنگ کے پس منظر میں فضائی مشق مستقبل میں عسکری تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
مسلسل ارتقا عمل سے گزرنے والی فضائی جنگ کے حوالے سے آرمی چیف نے کثیر ملکی مشق کی اہمیت کو اجاگر کیا،آرمی چیف نے شرکا کی پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ جدید ترین سہولیات کی فراہمی پر ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کو بھی سراہا،آرمی چیف نے ائیر چیف کی ہمہ جہت قیادت کو سراہا جن کے عزم مصمم کی بدولت خطے کی سب سے بڑی مشقوں کا انعقاد ممکن ہوا،ہمہ وقت ارتقا پذیر فضائی جنگ کے پس منظر میں آرمی چیف نے ائیر چیف کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ،آئی ایس پی آر کے مطابق سائبر،مصنوعی ذہانت، آئی ٹی،خلا اور خصوصی اختراعات جیسی جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول کیلئے آرمی چیف نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: رمیز راجا نے آسٹریلیا سے جیت کیلئے ٹیم میں ایک آل راﺅنڈر کی قربانی کا مشورہ دیدیا