جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)9 مئی مقدمات میں شامل جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 79 ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے آج اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کرنا تھی لیکن اڈیالہ جیل انتظامیہ نے جج کو جیل آنے سے روک دیا،سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے جج کو خط لکھ کر کہا گیا کہ آج جیل میں کسی کیس کی سماعت نہیں ہوسکتی۔
خط کی روشنی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جیل نہیں گئے اور کیس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی جس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چالان نقول کی فراہمی کا معاملہ بھی مؤخر ہو گیا۔
خیال رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کو سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 کیسوں سے الگ کرکے تیزی کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 مقدمات کی سماعت 4 نومبر کو ہوگی۔