دانت نکالتے وقت بچے کو ہونیوالی تکلیف سے نجات کیلئےیہ گھریلو ٹوٹکے آزمائیں

Oct 19, 2024 | 15:17:PM

(ویب ڈیسک)چھوٹے بچوں کے دانت 7 ماہ کے اندر اندر نکلناشروع ہوجا تے ہیں، لیکن اس دوران بچوں کو ہونے والی تکلیف اور درد سے وہ چڑ چڑا ہو جاتا ہے اور رونا شروع کردیتا ہے، جب تک اسے آرام نہ آجائے۔

دانتوں کے نکلنے کے دوران مسوڑھوں کے ٹشو نیچے کی طرف آنے لگتے ہیں ، جس کی وجہ سے وہ حصہ سرخ اور حساس ہوجاتا ہے اور وہاں سوجن ہونے لگتی ہے ،جس کی وجہ سے بچوں کو وہاں درد محسوس ہونے لگتا ہے۔بچوں کو دانت نکلنے کے دوران یہ گھریلو ٹوٹکے اسے درد سے آرام پہنچانے میں مددگار ہوں گے۔

فریز کیا ہوا کھانا
اپنے بچے کو درد سے نجات کےلیے آپ اسے ٹھنڈا کیا ہوا پھل اور سبزیاں اپنی نگرانی میں دے سکتی ہیں، ایسا کرنے سے بچے کو درد والی جگہ پر کافی آرام مل سکتا ہے۔

کیلا
کیلا ایک صحت بخش غذا تو ہے ہی۔ لیکن آپ کو شاید یہ معلوم نہیں ہوگا کہ کیلا دانت نکلنے کے دوران بچے کے درد کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، کیونکہ کیلا نرم ہوتا ہے اس لیے بچے کو اسے چبانا آسان ہوتا ہے، اس لیے اسے چبانے سے اسے دانتوں میں آرام اور سکون محسوس ہوتا ہے۔

مسوڑھوں کا مساج کریں
سب سے پہلے ہاتھ دھوئیں اور اپنی انگلی کی مدد سے بچے کے مسوڑھے کے اگلے حصے اور پچھلے حصے پر آہستہ آہستہ ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں، آپ کسی آرگینک آئل کی مدد سے بچے کے ہاتھوں اور گالوں کی مالش کرسکتی ہیں۔

گاجر
جب بچے کو دانت نکل رہے ہوتے ہیں تو اسے کسی سخت چیز کو چبانے کی طلب محسوس ہوتی ہے، ایسی صورت میں آپ اس کو گاجر دے سکتی ہیں، لیکن ایسا کرتے وقت ضروری لے کہ گھر کا کوئی بڑا بچے کے پاس ہو تاکہ وہ گاجر کا ٹکڑا گلے میں نہ پھنسا لے۔

اس کے علاوہ اگر بچے کو دانت میں بہت زیادہ درد ہورہا ہوتو بہتر ہے کہ اسے کسی ڈاکٹر کے پاس لے جائیں اور اس کے مشورے پر عمل کریں۔

مزیدخبریں