(24نیوز)پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں مختلف کورسز مکمل کرنے والے کیڈٹس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 150ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤ ٹ پریڈ ہوئی، 69ویں انٹیگریٹڈ کورس، 24ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 36ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پریڈ کا جائزہ لیا اور کیڈٹس کو ایوارڈ دئیے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی سے عراق، اردن، مالدیپ، سری لنکا کے کیڈٹس نے بھی گریجویشن کیا، نیپال، فلسطین، سوڈان اور یمن سمیت کئی دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی گریجویشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سینئر انڈر آفیسر عبداللہ افضل کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا جبکہ سینئر انڈر آفیسر بابر اللہ امان کو صدارتی گولڈ میڈل عطا کیا گیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل دوست ملک نیپال سے سینئر انڈر آفیسر کشتیج گرونگ کو عطا کیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف کین 36ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے جونیئر انڈر آفیسر محمد عمر شیراز کو عطا کی گئی، 69ویں انٹیگریٹڈ کورس کے جونیئر انڈر آفیسر محمد سلیمان اور 24 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی انڈر آفیسر پاکیزہ یعقوب کو کمانڈنٹ کینز سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پریڈ میں پاس آؤٹ ہونے والی کیڈٹس نے پرجوش انداز میں ڈرل کی مہارت کا مظاہرہ کیا، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ملکی وغیر ملکی مندوبین اور کیڈٹس کے اہلخانہ شریک ہوئے۔