عاقب جاوید اور لاہور قلندرز کی راہیں جدا ہو گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) پاکستان سوپر لیگ میں لاہور قلندرز کو 2 مسلسل ٹائٹلز جتوانے والے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا لاہور قلندرز کے ساتھ سفر خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا،
ان کا یہ سفر پاکستان کرکٹ بورڈ میں ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد ختم ہوا۔عاقب جاوید نے 8 سال تک قلندرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ کے طور پر کامیابیاں حاصل کیں۔
52 سالہ عاقب جاوید کی کوچنگ میں ٹیم نے 2020ء سے 2023ء کے درمیان 3 پی ایس ایل فائنلز کھیلے، جن میں سے 2 مسلسل ٹائٹلز جیتے۔ان کا لاہور قلندرز کے ساتھ تعلق انتہائی اہم رہا، کیونکہ وہ قلندرز کے ویژن کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے، خاص طور پر فرنچائز کے اہم پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے لیے اہم کردار ادا کیا، ان کی محنت اور لگن سے لاہور قلندرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کیا اور مستقبل کے لیے مضبوط بنیادوں پر ان کو سیکھنے کی بنیاد فراہم کی۔
لاہور قلندرز کے ساتھ اپنے سفر کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ میرا قلندرز کے ساتھ ایک ناقابلِ فراموش سفر رہا، جو یادگار لمحات اور اہم کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے۔ خاص طور پر پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) جو میرے دل کے قریب رہا ہے، نوجوان ٹیلنٹ کو ترقی کرتے اور ابھرتے دیکھنا میرے لیے انتہائی اطمینان بخش رہا ہے۔