(ویب ڈیسک) آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی، تقریب میں دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت اور مختلف اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی، جس کی بنا پر برطانیہ میں عام تعطیل ہے۔آنجہانی ملکہ کی آخری رسومات میں دنیا بھر سے 2 ہزار سے زائد سربراہانِ مملکت اور اہم شخصیات شریک ہوں گی ، بہت بڑی تعداد میں شاہی خاندان کی شخصیات اور سیاستدانوں کے اتنے بڑے اجتماع کی مثال گزشتہ کئی عشروں میں موجود نہیں ہے۔ملکہ برطانیہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف شرکت کریں گے۔
ملکہ کی آخری رسومات برطانیہ کے ایک سو پچیس سینما گھروں میں دکھائی جائیں گی، پارکس، چوک، گرجا گھروں میں بھی اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔آنجہانی ملکہ کے آخری دیدار کے لئے لوگوں کی قطاریں لگ گئیں تعداد زیادہ ہونے کے باعث مزید لوگوں کے آنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑے دس بجے ویسٹ منسٹر ہال کے دروازے ملکہ الزبتھ کے آخری دیدار کے لیے آنے والوں کے لیے بند کر دیئے جائیں گے۔ملکہ کی آخری رسومات آج پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3بجے ادا کی جائیں گی۔
دوپہر کو تابوت سمیت شاہی جلوس ویسٹ منسٹر پیلس سے ویسٹ منسٹ ایبے لےجایا جائے گا اور سہ پہر تین بجے آخری رسومات شروع ہوں گی۔ملکہ کے احترام میں ملک بھر میں دو منت کی خاموشی اختیار کی جائے گی، بعدازاں بگل بجا کر برطانوی قومی ترانے کے ساتھ آخری رسومات کا اختتام ہو گا۔ شام سات بجے تابوت ونڈسر کیسل پہنچایا جائے گا، شرکاء ونڈسر کیسل تک ایک جلوس کی صورت میں جائیں گے۔ دعائیہ تقریب سینٹ جارج چیپل میں آرچ بشپ آف کینٹربری میں ہو گی اور رات ساڑے گیارہ بجے ملکہ الزبتھ کو شاہی خاندان کی نجی سروس کے بعد ونڈسر کیسل کے کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں مرحوم شوہر کے پہلو میں دفنا دیا جائے گا۔
یاد رہے ملکہ الزبتھ نے برطانیہ پر ستر برس تک حکومت کی، ملکہ کا انتقال آٹھ ستمبر کو ہوا تھا۔