(24نیوز)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف عدلیہ مخالف مبینہ بیان بازی پر اندراج مقدمہ کی درخواست خارج کردی گئی ہے۔
تفصلات کے مطابق لاہور سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج لیاقت علی نے شہری محمد نواز کی مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا،درخواست گراز نے موقف اختیار کیا کہ مریم نواز نے 25 جولائی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے موقع پر عدلیہ کے خلاف بیان دیا تھا، ان کے الزامات کے باعث سائل کو ذہنی کوفت ہوئی ہے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ مریم نواز کے خلاف تھانہ باغبان پورہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی،شہری محمد نواز نے عدالت کے روبرو استدعا کی کہ کورٹ پولیس کو مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے،عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست میں لگائے گئے الزامات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔
مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست ناقابل سماعت ہے،تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ ایس پی شکایت سیل کے جواب اور درخواست کا بغور جائزہ لیا، مریم نواز پر لگائے گئے الزامات پولیس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔