لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب

Sep 19, 2023 | 09:37:AM

(24 نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور باغوں کے شہر لاہور میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں اذان فجر کے ساتھ شروع ہونے والی بارش تاحال جاری ہے، مضافاتی علاقوں میں بھی بارش نے جل     تھل ایک کر دیا ہے، مسلسل بارش اور ہوا چلنے سے موسم میں خنکی پیدا ہو گئی ، شدید بارش کے باعث پارک اور تالاب پانی سے بھر گئے ہیں ،سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہو گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا  ہے کہ شمال مشرقی بلوچستان، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں بھی آج بارش کا امکان ہے، سندھ میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے ،آزاد کشمیر میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا،پنجاب کے مختلف علاقوں میں گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں بارش کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، مری، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بادل برسیں گے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، کوہاٹ میں بارش متوقع ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش ہوگی،سندھ کی بات کی جائے تو سجاول، کراچی، حیدرآباد، جیکب آباد، سکھر، دادو، چھور، پڈعیدن میں بارش متوقع ہے۔ تھر پارکر، مٹھی، عمر کوٹ، اسلام کوٹ، میر پور خاص، ٹھٹھہ اور بدین میں بارش کا امکان ہے،بلوچستان کے شہر سبی، کوہلو، لورالائی، بارکھان، لسبیلہ اور خضدار میں بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں