(ممبئی) بالی ووڈ کی کامیڈی ہارر فلم “استری 2” نے باکس آفس پرشاہ رخ خان کی فلم "جوان" کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہندی سینما میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2023 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار ایٹلی کی فلم "جوان" کے ہندی ورژن نے باکس آفس پر 584 کروڑ کا بزنس کیا تھا جبکہ گزشتہ ماہ 15 اگست کو ریلیز ہونےوالی فلم"استری 2" نے صرف 34 دن میں ہندی باکس آفس پر 586 کروڑ کابزنس کرکے شاہ رخ خان کی"جوان" کو شکست دےدی،اس طرح یہ ہندی ورژن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
"استری 2" کی پروڈکشن کمپنی نے بھی تصدیق کی ہے کہ شردھا کپوراورراجکمار راؤ کی یہ فلم بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔
دوسری جانب باکس آفس تجزیہ کار ترن آدرش نے دعویٰ کیا ہے کہ اس تاریخی کامیابی کے بعد"استری 2" کا اگلا ہدف 600 کروڑ کلب میں داخل ہونا ہے۔
واضح رہے کہ امر کوشک کی ہدایتکاری میں بننے والی "استری 2" سال 2018 کی کامیاب فلم "استری" کا سیکوئل ہے،اس فلم کی کاسٹ میں شردھا کپور اور راجکمار راؤ کے علاوہ ابھیشیک بنرجی، اپارشکتی کھرانہ اورپنکج ترپاٹھی بھی شامل ہیں،15 اگست کو ریلیزہونےوالی فلم "استری 2" کے صنف نیرین بھٹ ہیں جبکہ اس فلم میں ورون دھون اور اکشے کمار بھی کیمیورولز میں نظر آئے ہیں۔