وزیر دفاع سے مصر اور زمبابوے کے سفرا کی ملاقات، تعلقات مستحکم کرنے کا عزم

Sep 19, 2024 | 18:53:PM
وزیر دفاع سے مصر اور زمبابوے کے سفرا کی ملاقات، تعلقات مستحکم کرنے کا عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزارت دفاع و دفاعی پیداوار میں دو اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے زمبابوے اور مصر کے سفیروں سے ملاقات کی اور تعلقات مستحکم کرنے کے عزم کا ظہار کیا۔

زمبابوے کے سفیر تیتوس مہلیسوا جوناتھن ابو باسوتو کے ساتھ ملاقات میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان مشترکہ اقدار اور جدوجہد کی ایک مشترکہ تاریخ موجود ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان زمبابوے کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔فریقین نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مزید ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب، مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن کے ساتھ ملاقات میں خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور مصر کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر کا استحکام اور ترقی مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر دفاع نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے مزید کہا کہ مصر اور پاکستان کے درمیان دفاعی پیداوار سمیت تمام شعبوں میں بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔مصری سفیر نے بھی دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام معاملات میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔