(اویس کیانی) وزیر اعظم شہباز شریف سے روسی نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آج روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچوک ( Alexei Overchuk) نے ملاقات کی، وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اوورچک اور ان کے وفد کا وزیراعظم ہاؤس میں خیرمقدم کیا، وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون میں مزید توسیع پر بات چیت کے لیے اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا، وزیراعظم اور روسی نائب وزیراعظم نے روس اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
روسی نائب وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہے، پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے، ہم اگلے ماہ اسلام آباد میں روسی وزیر اعظم جناب مشسٹن(Mishustin) کے استقبال کے منتظر ہیں، اس سال جولائی کے اوائل میں میری روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں کا معاملہ، سپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا
دوسری جانب روسی نائب وزیراعظم اوورچک نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور روس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو تعمیری اور باہمی طور پر مفید قرار دیا۔