(24نیوز) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن اور پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے وفود نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی جس دوران ڈیف کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں اور فیڈریشن کی بہتری کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن اور پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے وفود نے وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور، رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی جس دوران دونوں تنظیموں نے اپنی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے حالیہ عرصے میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، انہوں نے خاص طور پر مارچ 2024 میں پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے کو سراہا، جس سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی اور حمایت کرتی رہے گی۔
پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم نے اس موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر رانا ثناء اللہ نے ٹیم کی خواہش کو وزیراعظم تک پہنچانے کا وعدہ کیا، دوسری جانب ملاقات میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے بھی اپنے منصوبوں پر گفتگو کی اور کہا کہ وہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر فیڈریشن کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔