(24نیوز)حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے باوجود لاہور کے مرکز یتیم خانہ چوک پر ٹی ایل پی کا دھرنا جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ٹی ایل پی نے لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنے ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ لیکن دوسری جانب لاہور کےیتیم خانہ چوک پر کالعدم تحریک لبیک کا دھرنا تاحال جاری ہے ۔ اس وقت یتیم خانہ چوک کےاطراف میں راستےبند ہیں جس کے بعد شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز رات گئے حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دو ر ہوا جس کے بعد دونوں فریقین میں طے پایا کہ حکومت فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کیلئے قراردار قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ پارلیمان اپنا جو فیصلہ سنائے گی حکومت اس پر من و عن عمل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور ٹی ایل پی میں مذاکرات ،کامیابی میں گورنر پنجاب کا اہم کردار