(24نیوز)حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کے بعد لاہور میں انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی ہیں۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہورکے چوک یتیم خانہ میں انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی ہیں۔ یتیم خانہ چوک کے اطراف میں10کلومیٹر تک ڈیٹا سروسز بند کی گئیں تھی تاہم اب پی ٹی اے نے ڈیٹا سروسز پر پابندی ختم کردی ہے۔واضح رہے کہ لاہور میں شاہدرہ سے ٹھوکر نیاز بیگ اور بند روڈ سے گلبرگ تک کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند تھیں جبکہ مزنگ، لٹن روڈ، چوبرجی، جیل روڈ، مال روڈ، ریوازگارڈن اور داتا دربارو ملحقہ علاقوں میں بھی موبائل اور انٹر نيٹ سروسز دونوں متاثر ہوئی تھیں۔شہريوں کو سوشل میڈیا اور آن لائن امور انجام دینے میں شديد مشکلات کا سامنا تھا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو لاہور سمیت ملک بھرمیں ٹویٹر، فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور ٹیلی گرام کو چند گھنٹوں کیلئے بند کیا تھا۔ جس کے بعد وزير داخلہ شیخ رشید نے سوشل میڈیا سروسز کی عارضی معطلی پرعوام سے معذرت کرتے ہوئے آئندہ بند نہ کرنے کا وعدہ بھی کيا تھا۔