سندھ ،وفاق محاذ آرائی عروج پر۔۔نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ خطرے میں پڑ گیا

Apr 20, 2021 | 19:52:PM

 (24نیوز)سندھ حکومت نے نیاپاکستان ہاﺅسنگ منصوبے میں وفاقی حکومت کے ساتھ شراکت داری اوراراضی فراہم کرنے سے انکارکردیا ،نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ خطرے میں پڑ گیا ۔
ذرائع کے مطابق سندھ سرکار نے بے گھرافراد کے لئے حکومت سندھ کی اسکیم بے نظیرہاﺅسنگ کے تحت منصوبے شروع کرنے اوراراضی مختص کرنے کے باعث وفاقی حکومت کو فوری اراضی فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے ،سندھ حکومت کے انکارکے بعد وفاقی حکومت نے کراچی میں اپنی ملکیت اراضی پرمنصوبہ شروع کرنے کے لئے قابضین کے خلاف آپریشن پرغور شروع کردیا،اس ضمن میں مختلف اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاق اورسندھ حکومت کے مابین حکومتی اورسیاسی امورپراختلافات اورمحاذآرائی کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے ۔سندھ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے لوگوں کوسستے گھروں کی فراہمی کے لئے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروجیکٹ میں وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون اور شراکت داری اورمنصوبوں کے لیے اراضی فراہم کرنے سے انکارکردیا ہے وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے کراچی کے تمام اضلاع میں اراضی فراہم کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا،سندھ حکومت نے ایم ڈی اے اسکیم ملیرون اورہاکس بے اسکیم مبارک ولیج کے علاوہ کراچی کی شہری حدود میں اراضی فراہم کرنے سے انکارکردیا ہے ۔
 ذرائع نے بتایاکہ وفاقی حکومت نے کراچی کے 6اضلاع میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے تحت سستے فلیٹس بنانے کے لیے سندھ حکومت سے سٹی ایریا میں زمین فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جوسندھ حکومت نے مسترد کردی ہے ۔دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے نیاپاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرنے سے انکارکے بعد وفاقی حکومت نے کراچی میں اپنی اراضی پر پروجیکٹ شروع کرنے کی تیاری شروع کردی ہے ۔
 وفاقی سیکرٹری برائے ہاﺅسنگ اتھارٹی نے چیف سیکرٹری سندھ ممتازشاہ کوہدایت کی ہے کہ کراچی کے چھ اضلاع میں وفاقی حکومت کی قبضہ کی گئی اراضی قابضین سے واگزارکرانے کے لیے فوری کارروائی سے متعلق تجاویز پیش کی جائیں اورپہلے مرحلے میں کراچی کے ضلع غربی ،شرقی،سینٹرل میں قابضین کے خلاف رینجرزکی مدد سے کارروائی عمل میں لاکراراضی واگذار کرانے کی حکمت عملی وضع کی جائے ۔
یہ بھی پڑھیں۔سینئر صحافی اورسابق چیئر مین پیمرا ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ
 

مزیدخبریں